AKS DAR AKS عکس در عکس
PKR: 1,050/-
1,500/-
On Sale: 15 December 2026
- Binding:
- hardback
- Pages:
- 152
- Year:
- 2026
- ISBN:
- 978-969-662-727-2
- Categories:
- Publisher:
- BOOK CORNER
Author Biography:
نصیر ترابی عہدِ حاضر کے ممتاز شاعر، محقق اور ماہرِ لسانیات تھے۔ 15 جون 1945ء کو حیدرآباد دکن میں معروف عالمِ دین علامہ رشید ترابی کے ہاں پیدا ہوئے۔ 1948ء میں اپنے خاندان کے ہمراہ پاکستان آگئے۔ کراچی یونیورسٹی سے ابلاغِ عامہ میں ماسٹرز کیا۔ علمی و ادبی ماحول میں پرورش پانے کے باعث بچپن ہی سے شعر و ادب کا ذوق رکھتے تھے۔ اپنے عہد کی نامور ادبی شخصیات سیّد سبط حسن، جوش ملیح آبادی، زیڈ اے بخاری، حفیظ ہوشیارپوری، فیض احمد فیض، مصطفیٰ زیدی، ناصر کاظمی اور احمد ہمدانی کی صحبتوں سے فیض یاب ہوئے۔ حفیظ ہوشیارپوری سے تاریخ گوئی اور زیڈ اے بخاری سے تحت اللفظ مرثیہ خوانی کی تعلیم حاصل کی۔ 1969ء میں ناصر کاظمی کے مشورے پر نظم گوئی ترک کرکے غزل کے ہو رہے۔ نصیر ترابی ایک صاحبِ اسلوب غزل گو تھے۔ ان کی شاعری اُردو اور فارسی ادب کی قدیم روایات کے کلاسیکی رچاؤ سے عبارت ہے۔ وہ شعر کے کڑے انتخاب کے قائل تھے اور مقدار سے زیادہ معیار کو اہمیت دیتے تھے۔ شاعری کے علاوہ نثر، لسانیات اور تاریخ گوئی پر بھی انھیں عبور حاصل تھا۔ ان کا پہلا شعری مجموعہ ’’عکسِ فریادی‘‘ (2000ء) بے پناہ پذیرائی کا حامل رہا۔ ان کی دیگر تصانیف میں ’’شعریات‘‘ (2013ء)، عقیدہ نوائی کا شعری مجموعہ ’’لاریب‘‘ (2017ء) اور ’’لغت العوام‘‘ (2019ء) شامل ہیں۔ انھوں نے ملکی و بین الاقوامی مشاعروں میں بھرپور شرکت کی۔ ان کی متعدد غزلوں کو ممتاز گلوکاروں نے اپنی آواز دی، بالخصوص سقوطِ ڈھاکا کے پس منظر میں لکھی گئی غزل ’’وہ ہم سفر تھا‘‘ کو غیرمعمولی مقبولیت حاصل ہوئی۔ ان کے شعری مجموعے ’’لاریب‘‘ کو علامہ اقبال ایوارڈ سے نوازا گیا۔ 10 جنوری 2021ء کو 75 برس کی عمر میں وفات پائی۔ ان کی گراں قدر علمی و ادبی خدمات کے اعتراف میں حکومتِ پاکستان نے 2023ء میں انھیں بعد از وفات ستارۂ امتیاز سے سرفراز کیا۔
About the book
’’عکس در عکس‘‘ عصر حاضر کے ممتاز و منفرد شاعر، صاحبِ نظر ناقد اور معروف ماہرِ لسانیات نصیر ترابی کی شاعری کا تیسرا مجموعۂ کلام ہے۔ اس سے پہلے ان کے دونوں شعری مجموعوں ’’عکسِ فریادی‘‘ (2000ء) اور ’’لاريب‘‘ (2017ء) کو دنیائے ادب اُردو میں بےحد سراہا گیا۔ ادبی اور عوامی دونوں حلقوں میں قابلِ رشک پذیرائی ہوئی۔ گزشتہ صدی میں ساٹھ کے عشرے، یعنی کہ دورِ طالب علمی ہی میں ان کی خوش امکان تخلیقی استعداد کے چرچے ہونے لگے تھے۔ نصیر صاحبِ توفیق بھی تھے اور صاحبِ ہنر بھی۔ شاعری ان کی زندگی کی ترجیحِ اوّل تھی۔ خوش نصیب تھے کہ ذوق علمی و ادبی تربیت والد بزرگوار خطيبِ عالمِ اسلام حضرت علامہ رشید ترابی اعلی اللّٰہ مقامہ اور عمِ بزرگوار ڈاکٹر مظہر علی خان کے زیرِ سایہ ہوئی تھی۔ اُردو، عربی اور فارسی زبانوں کی تہذیبی کلاسیکی ادبی روایت کا تسلسل نصیر ترابی کی شاعری میں بھی دیکھا جا سکتا ہے اور نثر میں بھی۔ مصرعے کو سجانا سنوارنا، آراستہ کرنا، اس طرح کہ صناعی نظر نہ آئے، ان کا اختصاص تھا۔ نصیر میاں ہمارے پچّاس برسوں سے زیادہ عرصے کے ہمدم و ہم راز تھے۔ ان کے قابلِ رشک تخلیقی سفر میں زبان و بیان پر ان کی جیسی توجّہ اور انہماک ہم نے کسی دوسرے ہم عصر میں نہیں دیکھا۔ وہ ناصر کاظمی اور عزیز حامد مدنی کی روایت کے آخری اہم شاعر تھے۔ ’’عکس در عکس‘‘ کی اشاعت کے لیے ہمیں خانوادهٔ نصیر ترابی بالخصوص ان کی ہمسر محترمہ ماہره نصیر کا شکر گزار ہونا چاہیے کہ انھوں نے بیاضوں کو سنبھالے رکھا۔ ہمیں ادارہ بک کارنر کے گگن شاہد، امر شاہد برادران کا بھی شکر گزار ہونا چاہیے کہ انھوں نے حسبِ روایت اُردو شاعری کی ایک اہم کتاب چھاپی، بہت داد۔ (افتخار عارف)
نصیر ترابی ایک شخص نہیں بلکہ ایک شخصیت تھے جو شائستگی، ذہانت، وضع داری اور روایات کی پاس داری سے عبارت تھی۔ یہ شخصیت ان کی شاعری میں بدرجہ اتم موجود ہے۔ ٹی ایس ایلیٹ، لاکھ کہیں کہ شاعری شخصیت سے گریز اور شخصیت کی نفی کا نام ہے لیکن مشرق کی شعری روایت میں تو تخلیقِ سخن کو شاعر کی شخصیت سے جدا کر کے دیکھنا ہی ممکن نہیں۔ نصیر ترابی ایک خودآگاہ اور سماج آ گاہ شاعر تھے۔ ذاتی تجربات، محسوسات اور جذبات کو انتہائی گہرائی اور سچّائی کے ساتھ پیش کرنے کے علاوہ انھیں کارِ جہاں اور غمِ رعنا کے بھی رنگوں اور زاویوں سے قلبی لگاؤ تھا۔ اُن کی شاعری میں اسی لیے تنوّ ع اور مضامین کی کہکشاں نظر آتی ہے کہ وہ جذبے اور فکر دونوں کو اپنی تخلیق میں برابر کا درجہ دیتے تھے۔
غزل پر مختلف ادوار میں بُرے تجربات سے گزرنے کے مراحل بھی آئے۔ لیکن یہ بہت سخت جان صنفِ سخن ہے۔ تاہم جتنی سخت جان ہے اسی طرح آبگینے کی مانند نازک بھی ہے۔ نصیر ترابی غزل کی اس نزاکت سے خوب واقف تھے۔ وہ کاتا اور لے دوڑی کے قائل نہیں تھے، مسلسل غور و فکر اور اپنے کلام کی حق و اصلاح پر توجّہ مرکوز رکھتے تھے۔ انھوں نے معیار پر کبھی سمجھوتا نہیں کیا۔ اسی لیے ان کا کلام ان کی انفرادیت کی پہچان ہے۔ اور اپنے ہم عصروں میں سب سے ممتاز نظر آتا ہے۔ مجھے نصیر ترابی کے صاحب زادگان اور ماہرہ بھابھی کو اُردو دنیا کی طرف سے شکریہ ادا کرنا ہے کہ انھوں نے نصیر ترابی کے باقی ماندہ کلام کو زیورِ طباعت سے آراستہ کرنے کا اہتمام کیا۔ (سحر انصاری)
ہمارے دور میں کون ہو گا جو نصیر ترابی کے شاعر ہونے کو نہیں جانتا ہو گا، لیکن جن دوستوں نے اُن کے ساتھ روز و شب گزارے، جو اُن کی ادبی رفاقتوں کے ہم قدم رہے اور اُن کی نشست و برخاست کے عینی گواہ ہیں وہ بڑے اعتماد سے یہ بات کہہ سکتے ہیں کہ نصیر ترابی سراپا ادب کے آدمی تھے، اپنے معاصرین میں وہ اس اعتبار سے یکسر مختلف اور منفرد تھے جو ادب، خصوصاً کلاسیکی ادب، کے مزاج اور اس کی تہہ داریوں میں رچے بسے ہوئے تھے، ’’عکس در عکس‘‘ کلاسیکی شاعری کی انہی پرچھائیوں کی تلخیص بھی ہے اور تفسیر بھی ___نصیر ترابی کا خیال بھی ایک الگ تھلگ مزاج رکھتا ہے اور ان کی مصرع سازی کا جنون اور درون بھی بتاتا ہے کہ وہ اس کی گہرائی میں کتنے اترے ہوئے ہیں۔ غزل میں اُن کے انجذاب و انہماک کو سمجھے بغیر اُن پر لکھنا ناانصافی ہو گی، اُن کی شاعری پر سرسری بات نہیں کی جا سکتی، ضروری ہے کہ ان کے روحانی ادراک کو بھی پرکھا جائے۔ (ڈاکٹر ہلال نقوی)