CHARAGH AFREEDAM چراغ آفریدم
PKR: 840/-
1,200/-
On Sale: 10 December 2026
- Binding:
- hardback
- Pages:
- 160
- Year:
- 2026
- ISBN:
- 978-969-662-726-5
- Categories:
- Publisher:
- BOOK CORNER
Author Biography:
انور شعور، اپریل 1943، فرّخ آباد کے یوسف زئی خاندان میں پیدایش۔ گیارہ سال کی عمر میں شاعری کا آغاز۔ لڑکپن میں آوارگی کے بہتان میں خانہ بدر۔ خواب و خیال کا ایک ہی وظیفہ، شعر و ادب کا وسیع مطالعہ۔ کئی محبتیں اور رفاقتیں اور کسی تیشہ بہ دوش، صحرا نشیں کی ہم سری و ہم نفسی کے لیے ہمہ دم بےقرار۔ بابائے اُردو کے ادارے انجمن ترقیٔ اُردو پاکستان میں پہلی ملازمت، ہفت روزہ اخبارِ جہاں کے ابتدائی برسوں میں وابستگی، 70 میں سب رنگ کے اجرا سے ادارتی عملے کے سرخیل، قطعہ نگار کی حیثیت سے تاحال روزنامہ جنگ وسیلہٴ معاش۔ 70 میں خانہ آبادی، تین بیٹیاں، ایک بیٹا۔ کہانیوں سمیت مختلف موضوعات پر اَن گنت رواں دواں، سادہ و شگفتہ نثری تخلیقات۔ بنیادی طور پر غزل کار۔ اپنی طرز، رنگ اور روایت میں گندھی ہوئی جدید شاعری کے تمام القاب و خطابات کے سزاوار۔ ہم عصر اور نئی نسل کے اکثر شاعروں پر گہرے نقوش کا اعزاز، پہلا شعری مجموعہ ’’اندوختہ‘‘، دوسرا ’’مشقِ سخن‘‘، تیسرا ’’می رقصم‘‘، چوتھا ’’دل کا کیا رنگ کروں‘‘۔ اور ان مجموعوں پر مشتمل کلیات ’’کلیاتِ انور شعور‘‘۔ امریکا، کینیڈا، عرب دنیا کے کئی ممالک اور ہندوستان کی ’’مشاعرانہ‘‘ سیاحت۔ ... حسرت زدگی کے آشوب اور امتحان میں ثابت قدم، پہلی اور آخری ترجیح شاعری، بطورِ خاص، لیلائے غزل۔ اوّل و آخر، سر بہ سر، سر تا پا شاعر انور شعور، ایک خمیدہ سر، نکتہ آفریں، خیال انگیز شاعر انور شعور... (شکیل عادل زادہ)
About the book
جب تک یہ معلوم نہ ہو کہ شاعر کی زندگی کس طرح گزری ہے اور کن نشیب و فراز سے ہو کر لمحۂ موجود تک پہنچی ہے، اُس وقت تک یہ بھی معلوم نہیں ہو سکتا کہ شعوؔر کی غزل، عام اُردو غزل سے اتنی مختلف اور منفرد کیوں ہے۔ مَیں نے مختلف اور منفرد کے جو الفاظ استعمال کیے ہیں، اِنھیں روایتی توصیف نہ سمجھا جائے، اب تک اُردو میں غزل کے جتنے سانچے اور جتنے اسالیب ملتے ہیں، شعوؔر کی غزل اُن سب سے الگ ہے۔ اِس کی ایک اپنی فضا ہے، ایک اپنا مزاج ہے، یہاں تک کہ ذخیرئہ الفاظ بھی مروّجہ غزل کے ذخیرئہ الفاظ سے بڑی حد تک مختلف ہے۔ لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ شعوؔر کی غزل ہماری شعری روایات سے یکسر انحراف کی مثال ہے۔ اپنی شعری روایات سے جتنی واقفیت شعوؔر کو ہے، اتنی کم شاعروں کو ہو گی، لیکن شعوؔر نے بنے بنائے سانچوں پر انحصار نہیں کیا، اپنی شعری روایات سے اِستفادہ کرتے ہوئے ایک الگ راہ نکالی ہے اور ایک الگ لہجے کی تشکیل کی ہے جس سے نئی غزل کی وسعتوں اور امکانات کا اندازہ ہوتا ہے۔ تفصیل میں مَیں اس لیے نہیں جاؤں گا کہ کلام آپ کے سامنے ہے، جسے پڑھ کر آپ خود اس نتیجے پر پہنچیں گے کہ کسی دیباچہ نگار کو قاری اور شاعر کے درمیان حائل ہونے کی ضرورت نہیں۔ (مُشفِق خواجہ)
انورشعوؔر کی غزل ہمارے اُن محسوسات اور تجربات کو جمالیاتی لحاظ سے بامعنی اور پُرلطف بناتی ہے جنھیں ہم نظر انداز کیے رہتے ہیں۔ ان کی غزلیں ہمیں جس سطح پر محظوظ کرتی ہیں، وہ ہم سے اوپر اُٹھنے یا نیچے اُترنے کا تقاضا نہیں کرتی، ان سے حظ اُٹھانا ایسا ہی ہے جیسے جھوٹی نیند سے بیدار ہو جانا۔
مضمون خواہ کچھ ہو، انور شعوؔر کا اندازِ بیاں شگفتہ، دلچسپ اور مانُوس کرنے والا ہوتا ہے۔ ان کا شعر اور شخصیت عین ہم دیگر ہیں، اس معاملے میں وہ معاصرین کی ساری کھیپ سے الگ ہیں۔ انکسار، خوش وقتی اور معصومیت، ان کی شاعری بھی اِنھی تین عناصر سے بنی ہے، اور شخصیت بھی۔ ان کے برابر صیغۂ واحد متکلم کا استعمال شاید ہی کسی نے کیا ہو، لیکن کہیں محسوس نہیں ہوتا کہ یہ مَیں ’اَنا‘ کے معنی میں ہے یا مختلف اشیا کے ڈھیر میں پڑی کسی خاص شے کی طرف اشارہ کر رہا ہے۔ انور شعوؔر مَیں کو تُو سے فاصلہ پیدا کرنے کے لیے نہیں بلکہ اُس کی طرف بڑھنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ (احمد جاوید)
کسی رسالے کی فہرست میں انورشعوؔر کا نام نظر آئے تو مَیں سب سے پہلے وہ صفحہ کھول کر اُس کی غزل پڑھتا ہوں۔ جتنی بھی غزلیں چھپی ہوں، اُن میں انور شعوؔر کی غزل اکثر سب سے اچھّی ہوتی ہے اور سب سے الگ بھی، اِس قدر الگ کہ محسوس ہوتا ہے، مَیں غزل نہیں، کچھ اور پڑھ رہا ہوں۔ (محمد علی صدّیقی)
انورشعوؔر کے کلام کا آبِ رواں، اتنا فرحت بخش اور شیریں ہے کہ اُس کی پیاس بجھتی ہی نہیں۔ مشہور نقّاد اور شاعر سلیمؔ احمد نے ہم عصر شاعری پر گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا، ’’ اگر ہم ایک واضح انفرادیت کی تلاش کریں جس نے ایک نئے طرزِ احساس کے ساتھ ایک نیا لب و لہجہ پیدا کر کے دکھایا ہے تو وہ انورشعوؔر ہے۔‘‘ (جمیل یُوسف)
انورشعوؔر اپنا دُکھ چیخ میں تبدیل نہیں کرتے۔ ان کے ہاں ایک سنبھلا ہوا لہجہ ہے، جیسے انسان نے دُکھوں کے ساتھ جینا سیکھ لیا ہو۔ جدید تہذیب نے زندگی افادیت پسند بنا دی ہے، محبّت اور خلوص جیسی قدریں بھی رفتہ رفتہ ضرورت کی زبان میں ڈھلتی جا رہی ہیں۔ انور شعوؔر یہ تمام صورتِ حال ایک عام سے جملے میں سمو دیتے ہیں۔ ان کی شاعری پڑھ کر قاری اپنے بارے میں کچھ زیادہ باخبر ہو جاتا ہے، اُسے محسوس ہوتا ہے کہ مسئلہ صرف اُس کا نہیں، پورے عہد کا ہے۔ (نوید صادق)